ڈیرہ غازی خان میں دوہرے قتل کے مقدمے میں مطلوب ایک اشتہاری ملزم نے دو سال تک مفرور رہنے کے بعد رضاکارانہ طور پر پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔
اطلاعات کے مطابق ملزم کلاشنکوف سمیت ڈی پی او آفس پہنچا اور وہاں موجود عملے کو اپنی شناخت اور مقدمے سے متعلق آگاہ کیا۔ اطلاع ملنے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو بھی موقع پر طلب کر لیا گیا، جس کے بعد ملزم نے ڈی پی او کے سامنے باقاعدہ سرنڈر کر دیا اور اپنے زیر استعمال اسلحہ بھی پولیس کے حوالے کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے بتایا کہ مسلسل روپوش رہنے، مختلف شہروں میں پناہ لینے اور دشوار حالات کا سامنا کرنے کے بعد اس نے قانون کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کا کہنا تھا کہ طویل عرصے تک مفرور زندگی گزارنے کے باعث وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھا، اسی لیے اس نے خود کو پولیس کے حوالے کرنے کو بہتر سمجھا۔
اس موقع پر ڈی پی او نے ملزم کے فیصلے کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقدمے کی تفتیش مکمل شفافیت اور میرٹ کے مطابق کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ ملزم کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی ہوگی اور نہ ہی مقتولین کے ورثا کے حقوق متاثر ہونے دیے جائیں گے۔
بعد ازاں ڈی پی او کی ہدایت پر پولیس نے ملزم کو باقاعدہ حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
