شہدا کے خون کا حساب لیا جائے گا، قوم انصاف چاہتی ہے: مجتبیٰ خامنہ ای

 

ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ان کے والد اور سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کا حساب لینا پوری قوم کی خواہش ہے اور اس عزم کو ہر صورت پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے سرکاری ٹیلیگرام اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ایران اپنے شہید رہنما اور حالیہ تنازعات میں جان قربان کرنے والے تمام افراد کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گا اور ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پُرعزم ہے۔

یہ بیان آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کی تقریبات مکمل ہونے کے بعد سامنے آیا۔ رپورٹس کے مطابق، آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر ہونے والے فضائی حملوں کے دوران اس وقت جاں بحق ہوئے تھے جب ان کی رہائش گاہ اور دفتر پر مشتمل کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں اس بات کا اعادہ کیا کہ شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور ان کے خون کا حساب لینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں خبردار کیا کہ اگر ان کی جان کو نقصان پہنچانے یا قتل کی کسی بھی کوشش کی گئی تو امریکہ اس کا سخت جواب دے گا۔ ان کے مطابق، ایسی کسی کارروائی کی صورت میں ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کے لیے متعدد میزائل پہلے ہی تیار حالت میں موجود ہیں۔

Powered by Blogger.